بھٹکل 11/ اگست (ایس او نیوز) رابطہ سوسائٹی کے زیراہتمام کلین بھٹکل اور سیف بھٹکل مہم اتوار سے شروع ہورہی ہے، جس کے لئے مقامی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن سمیت بھٹکل کے مختلف اداروں کی جانب سے مکمل حمایت دئے جانے کا یقین دلایا گیا ہے۔
اس ضمن میں بدھ کی شام کو رابطہ کے عثمان حسن ہال میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے ذمہ داران سمیت مختلف پنچایت ممبران نیز کونسلرس کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ میٹنگ میں رابطہ کی کلین بھٹکل اور سیف بھٹکل مہم کے تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے رابطہ کے جنرل سکریٹری محی الدین رکن الدین نے فیڈریشن کے نوجوانوں کو ذمہ داری سونپتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں فیڈریشن کے نوجوانوں کے ساتھ کچھ مخصوص علاقوں کی صفائی کی جائے گی، مگر بعد میں اُن علاقوں کو صاف اور پاک رکھنے کی ذمہ داری متعلقہ اسپورٹس سینٹروں پر عائد ہوگی۔ مزید بتایا کہ اس مہم کو آگے بڑھانے اور اسے کامیاب کرنے میں فیڈریشن کا مکمل تعائون بے حد ضروری ہے، جس کے بغیر یہ کام آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ تفصیلات فراہم کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بھٹکل میں جملہ 17 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں کچروں کے ڈھیر پائے جاتے ہیں، اسی طرح ان 17 جگہوں میں سات جگہوں پر بہت زیادہ مسئلہ ہونے کی وجہ سے اُن سات جگہوں کوصاف کرنے اولین ترجیح دینے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔ آگے بتایا کہ اتوارکو رابطہ کے ذمہ داران فیڈریشن سمیت متعلقہ علاقہ کے کونسلر؍پنچایت ممبرس کے ساتھ مدینہ کالونی سے کچروں کے ڈھیر کو ہٹاتے ہوئے صفائی مہم کا آغاز کریں گے، جس کے بعد مختلف علاقوں میں صفائی مہم چلائی جائے گی۔
محی الدین رکن الدین کے مطابق تمام علاقوں سے کچروں کے ڈھیر ہٹانے کے بعد متعلقہ اسپورٹس کلب کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ علاقہ کے کونسلر یا پنچایت ممبر پر دبائو بنائے رکھتے ہوئے اپنے علاقہ کو صاف اور پاک رکھیں۔ اس ضمن میں رابطہ کی جانب سے ایک نگرانی ٹیم مقرر کی گئی ہے جو ہر علاقہ کا خفیہ طور پر دورہ کرتے ہوئے نگرانی کرے گی اور سب سے پاک و صاف علاقہ کے اسپورٹس کلب نیز ایک نرزآپ کو رابطہ کی جانب سے ایوارڈ دیا جائے گا۔
صفائی اور حفاظتی مہم کے تعلق سے مزید جانکاری فراہم کرتے ہوئے محی الدین رکن الدین نے بتایا کہ فی الحال بھٹکل کی تمام جمعہ مساجد کے خطیب کو مدعو کرکے جمعہ کے خطبوں میں صفائی اور حفاظتی اُمور پر شرعی نکتہ نظر سے خطبات دینے کی درخواست کی جاچکی ہے۔ خواتین کے اجتماعات میں بھی بیانات دینے اور خواتین میں بیداری پیداکرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اسی طرح اسکولی طلبا کو بھی اس تعلق سے بیداری پیدا کرنے اور اُنہیں صفائی نیز حفاظتی اُمور پر توجہ مرکوز کرنے اسکولی سطح پر تقریری وتحریری مقابلے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مقابلوں میں اول، دوم اور سوم آنے والوں کو انعامات سے نوازا جائے گا، بعد میں تمام اسکولوں کے اول آنے والے طلبا کے مابین ایک انٹر مقابلہ منعقد کیا جائے گا اور اُس میں اول ،،دوم اور سوم ا ٓنے والوں کو رابطہ ایوارڈ کی تقریب میں خصوصی ایوارڈ سے نوازا جائے گا نیز تمام اسکولوں کے اول آنے والے طلبا کو خصوصی سرٹی فیکٹ سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے اس بات کی بھی جانکاری دی کہ رابطہ کی جانب سے اسکول انتظامیہ کو اس بات کی بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے اسکولوں میں کم ازکم ہر تین ماہ میں ایک مرتبہ کسی بہترین ماہر کو بلاکرصفائی ستھرائی اور حفاظتی اُمور پر خطاب کرانے کا بندوبست کرے اور بچوں میں اس تعلق سے معلومات فراہم کرتے ہوئے اُن میں بیداری پیدا کریں۔
اس مہم کوکامیاب بنانےاور اس کے دیرپا نتائج حاصل کرنے میں رابطہ کے ذمہ داران بالخصوص جنرل سکریٹری محی الدین رکن الدین، قمر سعدا، عبدالسمیع کولا، برہان کوکاری، شہریارخطیب، یاسر قاسمجی، طحہٰ معلم اورعتیق الرحمن مُنیری پیش پیش نظر آئے۔ بھٹکل میں اس مہم کو آگے بڑھانے کے لئے جہاں بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کو بڑی ذمہ داری سونپی گئی ہے، وہیں اس مہم کے نائب کنوینر کے طور پر جیلانی شاہ بندری اور عنایت اللہ شاہ بندری کو بھی نامزد کرتے ہوئے اُن پر بھی ذمہ داری عائد کی گئی ہے کہ وہ اس کام کو آگے بڑھائیں ۔
رابطہ ہال میں منعقدہ میٹنگ میں بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر امتیاز اُدیاور، جنرل سکریٹری مولاناایس ایم عرفان ندوی سمیت دیگر بہت سارے اسپورٹس کلبوں کے نوجوان موجود تھے۔ فیڈریشن صدرجناب امتیاز اُدیاور نے اس موقع پر یقین دلایا کہ فیڈریشن کی جانب سے اس مہم کو کامیاب بنانے ہرممکن تعائون پیش کیا جائے گا اور بھٹکل گیر سطح پر صفائی مہم چلاتے ہوئے رابطہ کے اس ابھیان کو کامیاب بنانے ہرممکن کوشش کی جائے گی۔